پی ٹی آئی کا لوڈ شیڈنگ پر بولنا حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، سراج الحق

419

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ صوبے اور وفاق ایک دوسرے سے لڑ رہے ہیں، پی ٹی آئی اراکین کا پارلیمنٹ میں لوڈشیڈنگ کے مسئلہ کو اٹھانا حکومتی کارکردگی پر بڑاسوالیہ نشان ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ دوبارہ شروع ہو گئی ہے، حکومت اپنی کارکردگی اخباری رپورٹس سے ہی دیکھ لے، لفظوں کے ہیر پھیر سے عوام کی حالت نہیں بدلے گی۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکومت نے تین سالوں میں بلدیاتی الیکشن کروانے کا نام تک نہیں لیا،قانون سازی کے لیے پارلیمنٹ کی بجائے ایوان صدر کا سہارا لیا جاتاہے، شرح نمو میں اضافہ کا اگر کسی کو فائدہ ہواہو گا تو وہ سرمایہ دار اور جاگیردار طبقہ ہے۔

 سراج الحق نے مزید کہا کہ کشمیر اور فلسطین سمیت دنیا کے ہر خطے میں مسلمانوں پر ظلم ہورہاہے،عالمی ادارے اسی طرح خاموش رہے تو مسلمانوں کا ردعمل فطری ہے۔