پاکستان چین کے ساتھ دوستانہ تعلقات کی بہت قدر کرتا ہے، آرمی چیف

343

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں تعینات چین کے سفیر نونگ رونگ نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) پر پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا۔

 پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چین کے سفیر نونگ رونگ نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی، ملاقات میں علاقائی سلامتی اور افغان امن عمل کی تازہ صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے پاک چین سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ پر بیجنگ میں گرینڈ تقریب پر مبارک باد دی۔

اس موقع پر آرمی چیف نے کورونا سے نمٹنے میں چین کے کردار کو سراہا اور  پاکستان کو ویکسین کی فراہمی پر چین کے سفیر کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے “آئرن برادر” چین کے ساتھ دوستانہ تعلقات کی بہت قدر کرتا ہے۔

چینی سفیر نے خطے میں امن اور استحکام لانےکی پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا، چینی سفیر نے افغان امن عمل میں بالخصوص پاکستان کی بھی کوششوں کو سراہا۔