حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) جمعیت علماء پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیر نے گھوٹکی ٹرین حادثے میں 60سے زاید افراد کی ہلاکت اور300سے زاید افراد کے زخمی ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاںبحق افراد کیلیے مغفرت اورزخمیوں کی جلد صحتیابی کیلیے دعا کی۔انہوںنے ٹرین حادثے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حادثہ محکمہ ریلوے کی لاپرواہی اور نااہلی کا واضح ثبوت ہے لہٰذاوزیر ریلوے کو مستعفی ہو جانا چاہیے خان حکومت کے دور میں ٹرینوں کے 3 سال میں 8حادثات میں سیکڑوں افراد موت کی آغوش میں جاچکے ہیں لیکن افسوس کہ آج تک اس ضمن میں کسی ذمے دار کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی جس کے باعث بار بار اس قسم کے حادثات رونما ہورہے لیکن افسوسناک بات یہ ہے کہ مذکورہ ریلوے ٹریک کی زبوں حالی کا پہلے سے علم ہونے کے باوجود ٹریک کو درست نہیں کیا گیاجب تک ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی نہیں کی جائے گی اس قسم کے حادثات ہوتے رہیں گے۔