نوابشاہ،اسپتال میں داخلے سے روکنے پر مریض ہلاک

218

نواب شاہ(نمائندہ جسارت)نواب شاہ تاج کالونی کے رہائشی 40 سالہ مریض محمد رفیق بھٹی کو سیکورٹی گارڈ نے میڈیکل 2 پی ایم سی ہسپتال کے وارڈ میں داخل ہونے سے روک دیا ،مریض نے تڑپ کر جان دے دی۔ تفصیلات کے مطابق نواب شاہ تاج کالونی کارہائشی 40 سالہ مریض محمد رفیق بھٹی کو طبیعت خراب ہونے پر پیپلز میڈیکل یونیورسٹی و ہسپتال کے ٹراما سینٹر لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے مریض کا طبی معائنہ کرنے کے بعد مریض کو میڈیکل وارڈ 2 میں ریفر کیا جس پر مریض کو میڈیکل وارڈ 2 میں لے جایا جا رہا تھا جہاں گیٹ پر متعین سیکورٹی گارڈ نے مریض کو وارڈ میں داخل ہونے سے روک دیا جس کی وجہ سے مریض نے گیٹ پر تڑپ تڑپ کر جان دے دی جس پر مریض کے ورثاء میں اشتعال پھیل گیا اور انہوں نے احتجاج شروع کر دیا اور سخت نعرے بازی کی ۔مریض کے ورثاء نے ہسپتال انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ سیکورٹی گارڈ کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتار کیا جائے۔