حکومت نے پاکستان کو کرپشنستان بنا دیا، احسن اقبال

226

اسلام آباد (آن لائن) مسلم لیگ(ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے پاکستان کو کرپشنستان بنا دیا ہے، پاکستان قرضوں میں جکڑا جاچکا، سی پیک کو تباہ کردیا گیا، موجودہ حکومت نے صرف جھوٹ میں پی ایچ ڈی کر رکھی ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے منگل کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس حکومت کے پاس عقل ہے، نہ صلاحیت اور نہ ہی منصوبہ بندی ہے، ادارے تب تباہ ہوتے ہیں جب ہر سال وزیر بدلتے ہیں، وزارتوں کے 11، 11 سیکرٹری بدل چکے، حکمران ریلوے حادثے پر شرمندہ ہونے کے بجائے سیاست کر رہے ہیں، ریلوے کو فنڈ نہ دے کر حکومت نے نااہلی و ناکامی کا مظاہرہ کیا، پچھلی حکومتوں پر ذمے داری ڈال کرآپ بری الذمہ نہیںہو سکتے، فواد چودھری قوم کو گمراہ کر رہے ہیں، ہم نے ریلوے کی زبوں حالی کے سبب اس کے منصوبے سی پیک میں رکھے، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر مسلسل ایوان میں ن لیگ کو نظر انداز کرتے ہیں، دونوں کے جانبدارانہ رویے سے دبنے والے نہیں، بلاول زرداری سے میرا بیٹا زیادہ بڑا ہے، بلاول کی ابھی سیکھنے کی عمر ہے، چھوٹوں کی بات درگزر کرنا چاہیے۔