کوئٹہ ٹائون کے مکینوں کا ناجائز تعمیرات کیخلاف احتجاج

182

کراچی(پ ر)شہر میں بلڈر مافیا کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اس کے باوجود کو آپریٹو سوسائٹیز میں پورشن مافیا اور رفاہی پلاٹوں پر کمرشل تعمیرات تیزی سے جاری ہیں۔ کوئٹہ ٹائون کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی اسکیم 33 میں بھی اعلیٰ عدلیہ کے احکامات کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے رہائشی پلاٹوں پر پورشن اور دکانوں کی بڑے پیمانے پر تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے اور کوئی روکنے والا نہیں اس میں خاص طور سیکٹر 18-Aمیں زیادہ رجحان ہے۔ کوئٹہ ٹائون کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی میں رہائشی پلاٹوں پر پورشن اور دکانوں کی تعمیرات کے خلاف مکینوں نے پرامن احتجاج کیا ہے۔مکینوں نے الزام لگایا کہ سوسائٹی انتظامیہ ٹھیکیداری و پورشن کا کام کرنے والی مافیا سے ملی ہوئی ہے اور اس سوسائٹی کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ سوسائٹی میں الیکشن نہ ہونے سے سوسائٹی کی ڈیولپمنٹ سست روی کا شکار ہے، تاحال سوسائٹی کے اندرونی حصے میں سڑکیں نہیں بنائی گئیں،اسکیم کے نقشے پاس نہیں ہوتے جبکہ مختلف سرکاری محکموں کے واجبات انتظامیہ ادا نہیں کر رہی ہے جس کے باعث مسائل ہیں لیکن کوئی پرسان حال نہیں ہے،مظاہرین کا کہنا تھا کہ متعلقہ اداروں نے سوسائٹی کے معاملات ٹھیک کرنے میں اپنا کردار ادا نہیں کیا تو ہم احتجا ج کا دائرہ بڑھائیں گے اور پریس کلب سمیت متعلقہ اداروں کے سامنے احتجاج کریں گے۔انہوں نے وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ سندھ سے اپیل کی کوئٹہ ٹائون کے مسائل کو حل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں ۔