کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری نے کہا ہے کہ کھانے کو روٹی اورپہننے کوکپڑانہیں،عمران خان کہتے ہیں کہ گھبرانا نہیں، حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے گھر گھر معاشی تباہی کی داستانیں رقم ہو رہی ہیں،اگر پاکستان کی ڈوبتی معیشت کو بچانا ہے توعمران خان کی حکومت سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔ایک بیان میں بلاول زرداری نے کہا کہ پرویز مشرف کے دور میں 50 فیصد عوام غربت کا شکار تھے، عمران خان نے حالات کو اسی نہج پر پہنچا دیا جہاں سے پیپلزپارٹی نے ملک کو نکالا تھا، گندم دستیاب مگر آٹا مہنگا، گنا موجود مگر چینی کی قیمتیں قابو سے باہر ہیں، یہ مہنگائی عمران خان کی مافیا کی سرپرستی کے نتائج نہیں تو اور کیا ہیں ؟انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کو بجٹ میں تنخواہ دار اور پنشنرز سمیت عام آدمی کے ریلیف کی کوئی فکر نہیں، حکومت کا ہدف صرف جی ڈی پی کے غلط ہندسے کو درست ثابت کرنا ہے، عوامی ریلیف کا معاملہ سبوتاژ کرنے کے لیے جی ڈی پی کے غلط اعدادوشمار کا شوشا چھوڑا گیا،اگر جی ڈی پی میں اضافہ ہوتا ہے تو ملک میں نوجوانوں کو نوکریاں ملتی ہیں، عمران خان حکومت میں ہر5واں فرد نوکری سے محروم یا اس کی آمدنی میں کمی ہوئی، کپاس کی قیمتیں 11 سالہ تاریخ میں بلند ترین سطح پر پہنچا کر ٹیکسٹائل سیکٹر کے لیے نیا بحران پیدا کیا گیا۔