روٹی‘ کپڑا‘ مکان کے نعرے کی آڑ میں زرداری نے منی لانڈرنگ کی‘ فرخ حبیب

255

اسلام آباد(اے پی پی)وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ روٹی، کپڑا اور مکان کے نعرے کی آڑ میں زرداری نے ملکی دولت لوٹ کر منی لانڈرنگ کی، جعلی اکائونٹس اورسوئٹزرلینڈ میں سرے محل بنائے ،سندھ میں تیسری مرتبہ پیپلز پارٹی کی حکومت ہے، سوائے غربت، کرپشن اور لوٹ مار کے اور کون سا کارنامہ سر انجام دیا،سندھ میں غربت کے باعث وفاقی حکومت کی جانب سے احساس ایمرجنسی کیش کے سب سے زیادہ 57ارب 13 کروڑ39لاکھ 96 ہزار سندھ میں تقسیم کیے گئے جوکہ مجموعی فنڈز کا 35 فیصد ہے۔گزشتہ روز بلاول زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ بلاول زرداری بتائیں سندھ کے عوام کو مفت علاج کے لیے ہیلتھ کارڈ کیوں نہیں دے رہے ، پرچی چیئرمین سچ بتائے کیا گندم خریداری کی سپورٹ پرائس 1400 سے بڑھا کر 2000 روپے فی من کرنے کا اثر آٹے کی قیمتوں پر نہیں آئے گا؟ انہوں کہا کہ 2008ء سے 2013 ء تک پیپلز پارٹی کی حکومت میں فصلوں کی گروتھ اوسطاً 1.25جبکہ آبادی کی گروتھ 2 فیصد تھی، آپ کی وجہ سے ملک میں فوڈ سیکورٹی کے مسائل پیدا ہوئے ، پرچی چیئرمین مگرمچھ کے آنسو نہ بہائیں بلکہ سندھ میں گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوز مافیا کے خلاف ایکشن لیں، اس وقت بھی سب سے زیادہ مہنگا20 کلو آٹے کا تھیلا کراچی میں فروخت ہورہا ہے۔