اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ڈوبتی معیشت بچانے کیلئے عمران خان کی حکومت سے نجات حاصل کرنا ہوگی، ہر پانچواں فرد نوکری سے محروم یا اس کی آمدنی میں کمی ہوئی ہے اور عمران خان کہتے ہیں گھبرانا نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے بیان میں چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا تھاکہ کھانے کو روٹی اور پہننے کو کپڑا نہیں، عمران خان کہتے ہیں کہ گھبرانا نہیں، حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے گھر گھر معاشی تباہی کی داستانیں رقم ہو رہی ہیں، پرویز مشرف کے دور میں 50 فیصد عوام غربت کا شکار تھے، عمران خان نے حالات کو اسی نہج پر پہنچا دیا جہاں سے پیپلزپارٹی نے ملک کو نکالا تھا، گندم دستیاب مگر آٹا مہنگا، گنا موجود مگر چینی کی قیمتیں قابو سے باہر ہیں، یہ مہنگائی عمران خان کی مافیا کی سرپرستی کے نتائج نہیں تو اور کیا ہیں؟۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو بجٹ میں تنخواہ دار اور پنشنرز سمیت عام آدمی کے ریلیف کی کوئی فکر نہیں، حکومت کا ہدف صرف جی ڈی پی کے غلط ہندسے کو درست ثابت کرنا ہے، عوامی ریلیف کا معاملہ سبوتاژ کرنے کیلئے جی ڈی پی کے غلط اعدادوشمار کا شوشہ چھوڑا گیا، اگر جی ڈی پی میں اضافہ ہوتا ہے تو ملک میں نوجوانوں کو نوکریاں ملتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی فوٹو شاپ جی ڈی پی اضافے نے برسرِ روزگار کو بیروزگار کر دیا، عمران خان حکومت میں ہر پانچواں فرد نوکری سے محروم یا اس کی آمدنی میں کمی ہوئی، کپاس قیمتیں 11 سالہ تاریخ میں بلند ترین سطح پر پہنچا کر ٹیکسٹائل سیکٹر کیلئے نیا بحران پیدا کیا گیا، اگر پاکستان کی ڈوبتی معیشت کو بچانا ہے تو عمران خان کی حکومت سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔