مغرب میں اسلاموفوبیا میں اضافہ ہورہا ہے، شاہ محمود قریشی

339

اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مغرب میں اسلاموفوبیا میں اضافہ ہورہا ہے ،کینیڈا میں قتل ہونے والے 5 پاکستانیوں کا گناہ مسلمان ہونا تھا میرے نزدیک یہ دہشت گردی کا واقعہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق  وزیر خارجہ نے کینیڈا میں پاکستانی نژاد فیملی کے ساتھ المناک واقعہ کے حوالے سے بیان میں کہاہےکہ پولیس کی تحقیقات کے مطابق واقعہ میں اسلاموفوبیا  کا عنصر موجود ہے، میرے نزدیک یہ دہشت گردی کا واقعہ ہے، جو باڈیز ملیں وہ قابلِ شناخت نہیں، ابھی تک پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظارہورہا ہے، یہ فیزیوتھراپسٹ تھے پڑھے لکھے شخص تھے اور ان کا پاکستان میں تعلق لاہورسے تھا۔

شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ واقعہ پرکینیڈین کی ہائی کمیشن کو دفتر خارجہ میں مدعو کیا ہے، کینیڈین وزیراعظم سے کہوں گا کہ یہ ان کے معاشرے کا امتحان ہے، کینیڈا میں مقیم مسلمانوں کے تحفظ کویقینی بنانے کیلئے اپنا کردارادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ پانچ بے گناہ پاکستانی کنیڈین کوکچل دیا گیا، جاں بحق ہونے والوں کا گناہ مسلمان ہونا ہے، اگرٹرینڈ کوروکا نہ گیا توبے گناہ لوگ نشانہ بنتے رہیں گے، جب تک مکمل رپورٹ سامنے نہیں آجاتی، کچھ بھی حتمی طورپرنہیں کہا جا سکتا۔

ان کا کہناتھا کہ مغرب میں اسلاموفوبیا میں اضافہ ہورہا ہے جس کا تدارک ضروری ہے، پاکستان دنیا بھرمیں اسلاموفوبیا کے ابھرتے ٹرینڈ کی نشاندہی کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیملی اس المناک سانحہ کے باعث کرب کا شکارہے، ہم نے ان کومیتیں پاکستان بھجوانے کی پیشکش کی جبکہ متاثرہ فیملی نے وہیں تدفین کرنے کے متعلق آگاہ کیا ہے۔

وزیرخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ  کینیڈا میں مقیم پاکستانی متاثرہ خاندان کے ساتھ مل کر اظہارِ یکجہتی کریں، اگر نماز جنازہ میں شرکت کی اجازت ملتی ہے توفزیکلی شامل ہوں ورنہ غائبانہ نمازجنازہ ادا کریں۔