گھوٹکی حادثہ، الخدمت فاؤنڈیشن کی امدادی سرگرمیاں جاری

123

لاہور (آن لائن)گھوٹکی میں ملت ایکسپریس اور سرسید ایکسپریس کے درمیان خوفناک تصادم کے بعد الخدمت فاؤنڈیشن کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل اعجاز اللہ خان نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی الخدمت کی دو ایمبولینسز ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر ڈیزاسٹر مینجمنٹ گھوٹکی تشکیل احمد صدیقی اور پیرا میڈیکل اسٹاف سمیت 7 افراد پر مشتمل ٹیم کے ہمراہ ساڑھے 4 بجے جائے حادثے پر پہنچیں اور امدادی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔ الخدمت کے رضاکاروں نے 10 میتوں کو نکالا اور 40 سے زائد زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈہرکی، اوباڑو اور میر پور ماتھیلو کے اسپتالوں میں منتقل کیاگیا۔ اس کے علاوہ دیگر مسافروں اور امدادی ٹیموں کے لیے وسیع پیمانے پر کھانے، پانی اور جوسز بھی فراہم کیے گئے۔ انھوں نے بتایا کہ تاحال ڈائریکٹر ڈیزاسٹر مینجمنٹ سندھ خیر محمد تنیو کی زیرِ نگرانی 25 سے زائد رضاکار امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے صادق آباد ریلوے اسٹیشن پر ریلیف کیمپ لگایا گیا ہے جہاں پر حادثے کے نتیجے میں متاثرہ مسافروں کو ادویات، کھانا اور پینے کا پانی مہیا کیا جارہا ہے۔ میتوں کو ان کے آبائی علاقوں تک پہنچانے کے لیے الخدمت میت گاڑی کی سروس بھی فراہم کررہی ہے۔