کیپٹل سٹیزنز فاونڈیشن کا اسلام آباد کے شہریوں کیلیے تحفہ

213

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ترقی، خوشحالی اور یہاں کے شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے قائم تنظیم کیپٹل سٹیزنز فاﺅنڈیشن کے زیراہتمام گزشتہ روز ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کے مہمان خصوصی چیف کمشنر اسلام آباد اور چیئرمین سی ڈی اے عامرعلی احمد تھے۔ اس موقع پر شہریوں کو کورونا سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے تنظیم کی طرف سے انتظامیہ کو 40ہاتھ دھونے والی مشینیں دی گئیں جو شہر کے مختلف سرکاری دفاتر اور اسپتالوں کے باہر نصب کی جائیں گی۔ اس موقع پرتنظیم کے چیف ایگزیکٹیو آفیسرڈاکٹر محمد امجد نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ماحول دوست ویژن کے تحت اپنی ہی کمپنی کی تیار کردہ الیکٹرک موٹر سائیکل چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد کو بطور تحفہ پیش کی جس پر انہوں نے شکریہ کے ساتھ کیپٹل سٹیزنز فاﺅنڈیشن کوعطیہ کردی۔ تقرےب مےں ڈاکٹر رحےم اعوان، ڈاکٹر حسن سروش اکرم، سمیرا حمےد ، شعےب سڈل، حبےب الرحمان خان، جلےل عباس جےلانی،کنور دلشاد موجود تھے۔ تنظےم کے سےکرٹری جنرل حبےب الرحمان خان نے شرکا سے کیپٹل سٹیزنز فاﺅنڈیشن کے بورڈ آف ڈائرےکٹرز کا فرداً فرداً ًتعارف پےش کےا۔ اس موقع پر تنظیم کے چیئرمین جنرل (ر) احسان الحق نے کیپٹل سٹیزن فاﺅنڈیشن کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ جب بیرون ملک سفر کے مواقع پر ترقی یافتہ ممالک کے دارالحکومتوں کا موازنہ اسلام آباد سے کرتے تو شدید دکھی ہوتے۔ ہمیں اپنے شہر کو خوبصورت ، ترقی یافتہ اور جدید بنانے کے لیے صرف حکومت اور انتظامیہ پرانحصار نہیں کرنا بلکہ شہریوں یہ ذمہ داری لینے کا شعور بیدار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم انتظامیہ اور شہریوں کے ساتھ مل کر شہر کی بہتری کے لیے کام کریں گے۔