ٹنڈومحمدخان (نمائندہ جسارت)محکمہ فاریسٹ کی جانب سے شجر کاری مہم کے سلسلے میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو پارک میں پودے لگائے گئے ، شجر کاری مہم کا افتتاح اسسٹنٹ کمشنر انور علی میمن ، ڈسٹرکٹ پریس کلب کے صدر مظفر رند، جنرل سیکرٹری جبار بلوچ ، ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر فیصل راجپوت نے کیا۔تفصیلات کے مطابق محکمہ فاریسٹ ٹنڈومحمدخان کی جانب سے شجر کاری مہم کے سلسلے میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو پارک میں پودے لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کیا گیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر انور علی میمن ، ڈسٹرکٹ پریس کلب کے صدر مظفر رند ، جنرل سیکرٹری جبار بلوچ ، ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر فیصل راجپوت سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔اس موقع پر میڈیا سے با ت کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر انور علی میمن نے کہاکہ آئندہ آنے والی نسلوں کو آلودگی سے پاک معاشرہ فراہم کرنے کیلیے ضروری ہے کہ آج پودے لگاکر آئندہ آنے والی نسلوں کو آلودگی سے پاک ماحول فراہم کیا جائے تاکہ ہمارے آئندہ آنے والی نسلوں کو سانس لینے میں دشواری نہ ہو ، سر سبز و شاداب ملک کی تعمیر ہم سب کی ذمے داری ہے ، عوام کو چاہیے کہ وہ شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور ہر شخص اپنے حصے کا کام کرے ۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر انور علی میمن نے این آر ایس پی کے نمائندے کو یاداشت نامہ پیش کیا ، محکمہ فاریسٹ اور این آر ایس پی کے درمیان ایک معاہدہ کیا گیا ہے ، جس کے تحت محکمہ فاریسٹ این آر ایس پی کو 50 ہزار پودے فراہم کرے گا جوکہ این آر ایس پی ضلع ٹنڈومحمدخان کی مختلف یونین کونسلوں کے دیہاتوں میں لگائے گی تاکہ شجر کاری مہم کو کامیاب بنایا جاسکے۔