اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ 90 روز میں تبدیلی کا وعدہ کرنے والے عمران خان کا اب اگلی حکومت بنا کر ملکی مسائل حل کرنے کا اعلان قوم کے ساتھ ایک مذاق ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ایک کروڑ نوکریاں دینے کا دعوی کیا اور عمران خان نے اقتدار میں آکر عام آدمی سے روزگار چھین لیا، عمران خان کی ناکام معاشی پالیسیوں کی بدولت ملک کا متوسط طبقہ بھی غربت کا شکار ہوچکا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اگر ملکی معیشت کی سمت کو درست کرنا ہے تو آئندہ عمران خان جیسے تجربوں سے ملک کو بچانا ہوگا، جب تک عوام کے پاس روٹی، کپڑا، مکان اور روزگار نہیں ہوگا تو معاشی ترقی کا کوئی دعوی سچ نہیں ہوسکتا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے 20 کروڑ عوام کو مہنگائی کے حوالے کرکے عمران خان نے اپنے چند سرمایہ دار دوستوں کیلئے معاشی پالیسیاں بنائیں، پی ٹی آئی کی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں امیر، امیر سے امیرتر اور غریب، غریب سے غریب تر ہورہے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی معاشی پالیسیوں نے ہمیشہ ملک میں عام آدمی کی زندگی کو بہتر کیا، نوجوانوں کو روزگار کی ریکارڈ فراہمی سے لے کر پاک چین اقتصادی راہداری اور یورپ سے جی ایس پی پلس اسٹیٹس پی پی پی کے معاشی کارنامے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے معاشی ترقی کے بڑے بڑے دعوے زمین بوس ہوچکے، عوام اب کسی جھانسے میں نہیں آئیں گے۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے ڈہرکی کے قریب ٹرین حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ ریسکیو آپریشن کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے، وفاقی حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کو معاوضہ ادا کرے۔