ڈہرکی کے قریب ٹرین حادثہ کے بعد رحیم یار خان او رصادق آباد کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر رحیم یارخان کے آفس میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ شیخ زید رحیم یار خان او رتحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال میں ایمرجنسی انفارمیشن ڈیسک قائم کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کمشنر بہاولپورڈویژن اور ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان کو فون کر کے ہدایت کی کہ زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں ، زخمیوں کے ساتھ ان کے تیمار داروں کا بھی پورا خیال رکھا جائے۔
ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان کا کہنا ہے کہ تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال صادق آباد میں 14زخمی زیر علاج ہیں جب کہ شیخ زید اسپتال رحیم یار خان میں 34زخمی لائے گئے ہیں۔ زخمیوں کے تیمار دارو ں کے لیے کھانے پینے کا انتظام کیا گیا ہے۔
دوسری جانب محکمہ ریلوے سکھر ڈویژن نے انفارمیشن ڈیسک کا ٹیلیفون نمبر جاری کر دیا، مسافروں کے رشتہ دار 0719310087 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔