ملتان (صباح نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی‘ آنے والے وقت میں بھی ہم اپنی کارکردگی کی بنیاد پر واپس آئیں گے‘ملک میں نظام کی تبدیلی، اصلاحات، شفافیت، وفاق کی مضبوطی اور عوام کے مستقبل کے لیے عمران خان سب کے ساتھ بیٹھنے کے لیے تیار ہیں‘سب کچھ دینے کو تیار ہیں مگر این آر او دینے کو تیار نہیں۔ ملتان میں انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نظام کی تبدیلی چاہتے ہیں‘ امریکا اور برطانیہ میں 2 جماعتی نظام کو نہیں توڑا جاسکا‘ عمران خان کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ملک میں 2 جماعتی نظام کو توڑا‘ تحریک انصاف اپنی کارکردگی، ٹھوس اقدامات کی بدولت 2023ء کے انتخابات میں بھی کامیاب ہوگی اور آئندہ الیکشن میں بھی اونٹ اسی کروٹ بیٹھے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں جھاگ کی طرح بیٹھ جائیں گی‘ جنوبی پنجاب کے فنڈز دوسرے علاقوں میں نہیں جائیں گے‘ رکاوٹوں کے باوجود پہلی مرتبہ جنوبی پنجاب کا سالانہ ترقیاتی پروگرام علیحدہ بنے گا‘ ہمارے پاس 2 تہائی اکثریت ہوتی تو ہم صوبہ بنا دیتے‘عمران خان کی پی ٹی آئی میں وہ اہمیت ہے جو پیپلز پارٹی میں ذوالفقار بھٹو کی تھی۔