اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب عمران خان کا قلعہ تھا، ہے اور رہے گا۔ جنوبی پنجاب کے عوام کے لیے الگ صوبے اور سیکرٹریٹ کے قیام سے پاکستان کا وفاق مستحکم ہو گا او آنے والی نسلیں اس سے مستفیدہوں گی۔ ہم اس پر وزیر اعظم کا جنوبی پنجاب کے عوام کی جانب سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو لودھرا ں تا ملتان شاہراہ کی اپ گریڈیشن و بحالی کے منصوبے کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ لودھراں۔ ملتان موٹروے سے 3 شہر اور 4 انتخابی حلقے مستفیدہوں گے۔ یہ چاروں نشستیں تحریک انصاف نے حاصل کی ہیں۔ جنوبی پنجاب کے عوام کے لیے الگ صوبہ اور سیکرٹریٹ کاقیام معمولی نوعیت کا نہیں، ایسے کام دہائیوں میں بھی نہیں ہوتے۔ اس کام سے جہاں جنوبی پنجاب کے عوام کو بے پناہ فوائد حاصل ہوں گے وہاں پاکستان کی فیڈریشن مستحکم ہوگی۔ یہ پاکستان کی خدمت ہو گی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ اقدام ہماری آنے والی نسلوں کے لیے ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کا کارکن ہونے کے ناتے خوشی ہے کہ تحریک انصاف کے دور میں ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھاکہ جنوبی پنجاب کے عوام کے لیے ملازمتوں میں الگ کوٹہ ہو گا اور سرکاری شعبے کا ترقیاتی پروگرام بھی الگ سے ہوگا۔ اس پر جنوبی پنجاب کے عوام کی جانب سے وزیر اعظم کے مشکور ہیں۔