دادو میں صاف پانی سمیت زرعی پانی نایاب ہوچکا، سردار عاشق علی

212

دادو (نمائندہ جسارت) پی ٹی آئی ضلع دادو کے صدر سردار عاشق علی زئونر نے کہا ہے کہ دادو سمیت ضلع کے تمام شہروں میں بجلی اور پینے کے صاف پانی سمیت زرعی پانی نایاب ہوچکا ہے، عوام مشکلات سے دوچار ہیں اور کرپشن کرنے کے علاوہ صوبائی حکومت کہیں بھی نظر نہیں آرہی۔ پی ٹی آئی ضلع دادو کے صدر سردار عاشق علی زئونر نے دادو پریس کلب پہنچ کر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دادو شہر سمیت ضلع بھر میں عوام پینے کے پانی، زرعی پانی اور بجلی سے محروم ہیں اور عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ شہری مجبور ہوکر پانی پیسوں پر خریدنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی لوڈشیڈنگ اور پانی کی قلت اہم معاملہ ہے۔ اس سلسلے میں جلد لیاقت علی جتوئی کی قیادت میں بھرپور احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم دادو کے عوام کے ساتھ ہیں کسی بھی صورت میں ضلع کے عوام کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتے۔ عاشق زئونر کا کہنا تھا کہ دادو پریس کلب عوام کی شکایات کا دروازہ ہے، جہاں پر غریب اور بے پہنچ لوگ اپنی فریاد اس امید کے ساتھ لے کر آتے ہیں کہ صحافی ان کی آواز اقتدار کے اعلیٰ ایوانوں تک پہنچائیں گے۔ اس موقع پر عاشق علی زئونر نے سابقہ وزیراعلیٰ سندھ و پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء لیاقت علی جتوئی کی جانب سے پریس کلب کے لیے اعلان کردہ 50 ہزار روپے دادو پریس کلب کے صدر صابر بھنڈ کے حوالے کیے۔