کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ ،خرم شیرزمان اور ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ آج سندھ اسمبلی میں کورم پورا نہ ہونے کے باوجود بل کی منظوری جمہوری اقدار کے منافی ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی ، چیئرمین سینیٹ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سندھ کی صورتحال دیکھتے ہوئے آپ بھی وہاں اپوزیشن کو بات کرنے سے پہلے پوچھیں۔کراچی سے دشمنی کرنے والے سندھ اور پاکستان دشمنی کے مرتکب ہیں۔کراچی میں ٹینکر مافیا کے سربراہ مراد علی شاہ اور بلاول زرداری ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمعہ کو سندھ اسمبلی اجلاس کے بعد میڈیا کارنر پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ نلکے میں پانی آتا نہیں ٹینکر میں ختم ہوتاہی نہیں۔انہوںنے کہا کہ 90 فیصد پورے سندھ کا روینیو کراچی دیتا ہے۔اس شہر میں 250 ارب کی پانی چوری ہورہی ہے۔اگر آپ کا تعلق پی پی سے ہے تو زمینوں اور کراچی میں بھی پانی موجود ہے،میرے حلقے میں پانی فیکٹریوں میں فروخت کیا جارہا ہے۔مرکز میں ہم سندھ کے نمائندے ہیں۔کراچی کو سیراب نہیں کیا گیا نہ سڑکیں بنائی گئیں اور نہ ہی کوئی دوسری سہولت دی گئی ہے۔پی پی نے آج ملک و جمہوریت دشمنی کا ثبوت دیا ہے