کو ئٹہ (نمائندہ جسارت) کوئٹہ میں دستی بم کے دھماکے میں3 بچے جاں بحق اور2 زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ شہر کے پولیس تھانہ خروٹ آباد کی حدود کلی لالہ خان بادیزئی میں پیش آیا، بچے نہانے کے لیے قریبی تالاب گئے تھے، جہاں سے واپسی پر انہیں کھلونا نما دستی بم ملا تھا، جس سے وہ کھیل رہے تھے، اس دوران پن نکلنے سے دھماکا ہوا اور بچے اس کی زد میں آگئے۔ دھماکے میں مرنے والوں کی شناخت13 سالہ شائستہ خان،15 سالہ عدنان،18 سالہ اکرام کے نام سے ہوئی ہے، جن میں2 چچا زاد بھائی بھی شامل ہیں۔ زخمیوں میں11 سالہ احسان اللہ اور10 سالہ عزت اللہ شامل ہیں، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس اور سی ٹی ڈی کی تفتیشی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔