چینی شہریوں کو 48 گھنٹے میں ویزا ملے گا،شیخ رشید

187

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت نے چینی شہریوں اور سی پیک منصوبوں سے متعلق نئی ویزا پالیسی کی منظوری دے دی ہے، نئی پالیسی کے تحت چینی شہریوں کے لیے نئے ویزا کی کم از کم مدت2 سال کردی گئی ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روزچین کے سفیر نونگ رونگ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ اور چین کے سفیر نے پاکستان چین دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور اور چینی شہریوں کے لیے ویزا سہولیات سی پیک منصوبوں اور پاک چین دو طرفہ تعاون کے معاہدوں پرتبادلہ خیال کیا۔وفاقی وزیر داخلہ نے پاکستان اور چین کے درمیان قائم سفارتی تعلقات کے70سال مکمل ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت نے چینی شہریوں اور سی پیک منصوبوں سے متعلق نئی ویزا پالیسی منظور کی ہے، نئی پالیسی کے تحت چینی شہریوں کے لیے نئے ویزا کی کم از کم مدت 2سال کر دی گئی ہے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ چینی شہریوں کو اب متعلقہ مشنز سے48گھنٹے کے اندر اندر 2 سال کا ورک ویزا جاری کریں گے۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ چینی شہریوں کے لیے سی پیک کے تحت الگ ویزا کیٹیگری بنا دی ہے، چینی شہریوں کی سہولت کے لیے ائرپورٹس پر خصوصی ڈیسک قائم کیے جا رہے ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ نے کورونا ویکسی نیشن مہیا کرنے پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کیا ۔چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے چینی شہریوں کے لیے ویزا میں سہولیات پر حکومت کے بہت مشکور ہیں،ویزا سہولت سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں مزید اعتماد اور وسعت آئے گی ،سی پیک سے متعلقہ منصوبوں میں سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوںگے،پاکستان نے کورونا وائرس کی وبا کنٹرول کرنے کے لیے بہت اچھے انتظامات کیے ہیں۔