لاڑکانہ، پانی کی قلت ، گیس و بجلی کی لوڈ شیڈنگ کیخلاف احتجاج

111

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کی کال پر سندھ میں پانی کی کمی، بجلی اور گیس کی طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کی قیادت میں شہر کے جناح باغ چوک پر دھرنا دیا گیا، جس میں مرد و خواتین رہنماؤں اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ دھرنے میں قرار داد کے ذریعے مطالبہ کیا کہ مطالبہ کرتے ہیں کے ارسا چیئرمین کو ہٹا کر سندھ سے ارسا چیئرمین بنایا جائے، پانی کم ہونے کی صورت میں صوبوں کے حصے سے پانی کی کٹوتی برابری کی بنیاد پر کی جائے، بجلی گیس کی لوڈشیڈنگ ختم کرکے ٹرانسمیشن لائنیں تبدیل کی جائیں۔ دھرنے میں پی پی کارکنان نے ہاتھوں میں پلے کارڈ لے کر سندھ کو پانی کا حق دو کی نعرے بازی بھی کی۔ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا کہ ملک کو بنانے اور ملک کو بچانے والا سندھ ہے، کیا سندھ کو ملک بنانے کی سزا دی جا رہی ہے، وفاقی حکومت سندھ سے پانی، بجلی پر زیادتی کرکے ملک سے دشمنی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سندھ کے عوام کے غصے سے شاید واقف نہیں مگر عمران خان کا سرپرست آمر پرویز مشرف سندھ کے عوام کے واقف تھے۔ آمر مشرف کو کالاباغ نہیں بنانے دیا تو سلیکٹڈ عمران خان کیا چیز ہیں، سندھ کے عوام پانی کی زیادتی پر بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ شہباز شریف کو بتانا چاہتے ہیں کہ ہم سندھ اور پنجاب کے عوام کی لڑائی نہیں چاہتے، ہم ارسا سے پانی کی شفاف تقسیم چاہتے ہیں، تونسہ اور گڈو سے واٹر پمپ لگا کر سندھ کا پانی چوری کیا جارہا ہے، جس پر ارسا کیوں خاموش ہے، پانی کی چوری کیوں نہیں بند کرا رہی۔ پانی پر پہلا حق ٹیل والے صوبے سندھ کا ہے۔ سندھ کو اپنے حصے کا پانی دیا جائے۔ ارسا نے تربیلہ سے مناسب وقت سے قبل پانی کا اجراء کر کے پانی ضائع کیا اور پانی ضائع کرنے کا الزام سندھ پر لگاکر جھوٹ بول رہے ہیں۔ مطالبہ کرتے ہیں کہ ارسا چیئرمین کو ہٹا کر سندھ سے ارسا چیئرمین بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کوٹری سے نیچے 10 ایم اے ایف پانی چھوڑ کر سندھ کو اپنے حصے کا پانی چاہیے۔ چشمہ جہلم لنک کینال اور ٹی پی لنک کینال فوری طور پر بند کی جائے، سندھ کے پانی اور وسائل کے حصول اور حقوق کے لیے جنگ کریں گے۔ خون بہانا پڑے تو بھی سندھ کے خاطر بہادیں گے۔ سندھ کے حقوق پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے، وفاق کی ناکام پالیسیاں صوبوں کے عوام کو آپس میں لڑانے کی سازش ہیں اگر عمران خان مہنگائی پر کنٹرول نہیں کرسکتا تو عمران خان کو وزیر اعظم رہنے کا کوئی حق نہیں۔