سکھر ،ایڈیشنل آئی جی کااجلاس،کچے کے جنگلات میں آپریشن کا فیصلہ

170

سکھر (نمائندہ جسارت ) ایڈیشنل آئی جی سکھرکی زیر صدارت ہنگامی اجلاس میں کچے کے جنگلات میں بیک وقت چاروں اطراف آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،پولیس فورس کے لیے ایک ماہ کا راشن پہنچا نے ، ڈرون کیمرے کا بھی استعمال کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔ترجمان سکھرپولیس کے مطابق ایڈیشنل آئی جی پولیس سکھرڈاکٹر کامران فضل کی زیرصدارت ایک اہم اور ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی آئی جی لاڑکانہ مظہرنواز شیخ، ڈی آئی جی سکھرفدا حسین مستوئی، ایس ایس پی سکھر عرفان سموں، ایس ایس پی شکارپورتنویر تنیوں، ایس ایس پی کشمور امجد شیخ، ایس ایس پی گھوٹکی اور دیگرپولیس افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں شکارپورکے کچے میں ڈاکوں کیخلاف آپریشن شروع کرنے، گڑھی تیغو بیس کیمپ پر موجود اسلحہ، گاڑیوں ، آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس اہلکاروں کی ضروریات اور دیگرامورکا جائزہ لیا گیا۔ ترجمان کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شکارپور کے کچے کے علاوہ کشمور، گھوٹکی اور سکھر سے ملحقہ کچے میں بھی بیک وقت آپریشن شروع جائے گا تاکہ ڈاکوایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل نہ ہوسکیں، ان کی مکمل ناکہ بندی کی جائے گی، فرار کے تمام ممکنہ راستے سیل کردیے جائیں گے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس اہلکاروں کی ایک ماہ کی خوراک کا بندوبست کیا گیا ہے جو بیس کیمپ پہنچائی جائے گی۔آپریشن میں ڈرون کیمروں کا بھی استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ان ڈرون کیمروں کے ذریعے ڈاکوں کے ٹھکانوں اور ان کی نقل و حرکت چیک کی جائے گی۔