کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ بجٹ 2021 ء میں کم آمدنی والا طبقہ عمران خان کے نشانے پر ہے ‘ پی ٹی آئی حکومت بجٹ میں بھاری ٹیکس لگا کر معمولی تنخواہیں وصول کرنے والوں پر معاشی بوجھ ڈالنا چاہتی ہے اور پیپلزپارٹی بجٹ میں عام آدمی کو معاشی طور پر کچلنے کی سازش کو ناکام بنائے گی۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری اپنے ایک بیان میں چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ ایس پی آئی انڈکس کے تحت ملک میں پہلے ہی مہنگائی کی شرح 20 فیصد تک کی بلند سطح کو چھو رہی ہے‘ اگر بدترین مہنگائی کے دور میں تنخواہ دار طبقے کو ٹیکسوں میں مزید جکڑدیا گیا تو اس سے بڑا کوئی اور ظلم نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان امیروں کو ایمنسٹی اسکیمیں دے کر غریبوں سے ٹیکس وصول کررہے ہیں جو عوام دشمنی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکومت جس رفتار سے معاشی ترقی کے دعوے کررہی ہے ، اس سے دگنی رفتار سے ملک میں بے روزگاری بڑھ رہی ہے‘اس موقع پر انہوںنے سوال اٹھایا کہ آئی ایم ایف کے ملازمین سے بجٹ تیار کرانے والے عمران خان بتائیں کہ ان کی معاشی ٹیم کہاں گئی‘ چوتھا بجٹ پیش کرنے سے پہلے عمران خان تیسرا وزیر خزانہ اور پانچواں سیکرٹری تجارت لے آئے مگر وزیراعظم کی معاشی ٹیم کہیں نظر نہیں آئی۔ چیئرمین بلاول زرداری نے یہ بھی واضح کیا کہ اعداد و شمار کا ہیر پھیر کرکے عمران خان اپنے مداحوں سے واہ واہ سمیٹ سکتے ہیں مگر عوام وزیراعظم کے معاشی خوش حالی کے جھانسے میں نہیں آئیں گے جبکہ ایک کے بعد ایک ملکی تاریخ کے ناکام ترین بجٹ پیش کرنے والی پی ٹی آئی حکومت کے معاشی جرائم کسی صورت معاف نہیں کیے جائیں گے۔