خطرات سے نمٹنے کیلئے تربیتی عمل جاری رکھنا ضروری ہے، آرمی چیف

459

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ وسیع اور مختلف خطرات کے مؤثرجواب کیلئے تیاریاں جاری رہنی چاہئیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوٹلی میں فیلڈ ٹریننگ ایریاز کا دورہ کیا، کور کمانڈر منگلہ لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس نے آرمی چیف کا استقبال کیا، اس موقع پر آرمی چیف نے کور کی سطح کی تربیتی مشقوں ’’تسخیر جبل‘‘ کا مشاہدہ کیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ان تربیتی مشقوں کا مقصد فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں، دفاعی اور جارحانہ مختلف نوعیت کی آپریشنل حکمت عملی کو جانچنا ہے، فوجی دستے اور یونٹس دشوار پہاڑی علاقوں میں دفاعی اور جارحانہ مشقیں کر رہے ہیں۔

آرمی چیف نے فوجی تیاریوں پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ متخلف اقسام کے خطرات سے نمٹنے کے لیے سخت تربیتی عمل کو مسلسل جاری رکھنا ضروری ہے تاکہ وسیع تناظر میں مؤثر جواب دیا جاسکے۔

دوسری جانب آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف سے قطر کے وفد نے بھی ملاقات کی جس کی سربراہی چیئرمین پاک قطر تکافل کمیٹی اور قطری شاہی خاندان کے رکن شیخ علی عبداللہ الثانی کررہے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں افغان امن عمل میں حالیہ پیش رفت، مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو بڑھانے سمیت دیگر اہم امور پر بھی گفتگو کی گئی۔ پاکستان قطر تعلقات میں مثبت بہتری کا اعتراف کرتے ہوئے آرمی چیف نے مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ قطر کے تعاون کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق قطری وفد نے خطے میں تنازعات سے بچائو کی پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ قطری وفد نے پاکستان سے تعلقات کے فروغ کی خواہش کا اظہار کیا۔