لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) پیپلز پارٹی تحصیل لاڑکانہ کی جانب سے سندھ میں پانی کی قلت کے خلاف پارٹی دفتر کینیڈی مارکیٹ سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جو کہ شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی باغ جناغ چوک پر پہنچی جس میں پی پی پی رہنماؤں اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے ہاتھوں میں پارٹی پرچم اٹھاکر شدید نعرے بازی بھی کی۔ اس موقع پر پی پی پی ضلعی جنرل سیکرٹری اعجاز احمد لغاری، اطلاعات سیکرٹری عمران حسن جتوئی، تحصیل صدر اسد اللہ کھوڑو، جنرل سیکرٹری ظفر اللہ سومرو، ڈپٹی جنرل سیکرٹری علی ڈنو کنگواور شاہ رخ سیال و دیگر کا کہنا تھا کہ ارسا کی جانب سے پانی کی غیر منصفانہ تقسیم کی وجہ سے سندھ میں پانی کی قلت ہے لیکن ارسا اپنی ناکامی چھپانے نے کے لیے الزام تراشیاں کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاق سندھ سے زیادتیاں کرنا بند کرے بصورت دیگر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کی قیادت میں دم دمہ دم مست قلندر ہوگا اور ہم کالا باغ ڈیم کے خلاف پہلے بھی دھرنے دے چکے ہیں، سندھ کا پانی چوری کیا جارہا ہے اور ارسا کوٹری بیراج پر پانی ضائع کرنے کے الزامات عائد کر رہا ہے جو کہ آمر مشرف کے دور والا رویہ اختیار کیا جارہا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ صوبے کو اپنے حصے کا پانی فراہم کرکے زیادتیوں کا سلسلہ بند کیا جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔