سکھر (نمائندہ جسارت) سندھ ہائی کورٹ نے چیف انجینئرکوٹری بیراج اور اور ایکسیئن کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ،ایس ایس پی جامشورو کو فوری عمل کی ہدایت ،اصل کاشتکاروں کو پانی نہیں مل رہا ،یہ قبضے والی زمینوں کو پانی دے رہے ہیں ، عدلیہ کے یمارکس ،ٹنڈو الٰہیار کے بااثر وڈیرے کو بھی گرفتار کرنے کے احکامات بھی جاری، سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ میں محکمہ جنگلات کی زمینوں پر قبضے کے حوالے سے داخل آئینی پٹیشن کی سماعت ہوئی سماعت کے دوران عدالت عالیہ نے ایریگیشن حکام کو گزشتہ سماعت کے دوران قبضے کی زمینوں کو پانی نہ دینے کے حوالے سے دی گئی ہدایات کا جائزہ لیا تو عدالت کو بتایاگیاکہ کوٹری بیراج سے ٹنڈوالٰہیار میں ایک بااثر وڈیرے کو قبضہ کی گئی زمینوں کو ایریگیشن حکام کی جانب سے پانی فراہم کیا جارہاہے، جس پر عدالت عالیہ نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور چیف انجینئر کوٹری بیراج اور علاقے کے ایریگیشن ایکسیئن کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے اور ایس ایس پی جامشورو کو ورانٹ گرفتاری پر فوری عملدرآمد کرنے کا حکم جاری کیا۔اس موقع پر عدالت نے سماعت کے دوران پولیس سے ٹنڈو الہیار کے بااثر وڈیرے سرفراز نظامانی کو گرفتار کرکے پیش کرنے کے حکم پر عملدرآمد کے بارے میں سوال کیا توپولیس نے بتایاکہ سرفراز نظامانی اسلام آباد میں ہے جس پر عدالت عالیہ نے آئی جی سندھ اور آئی جی اسلام آباد کو مذکورہ وڈیرے کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم بھی جاری کیا اور بعد ازاں سماعت 6 جولائی تک ملتوی کردی سماعت کے دوران محکمہ جنگلات کے مختلف اضلاع کے افسران بھی عدالت میں پیش ہوئے۔