لاڑکانہ، پولیس بھرتی میں من پسند افراد کو نوازنے کا انکشاف

227

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) پولیس اہلکاروں کی بھرتیوں کے عمل میں من پسند امیدواروں کو نوازنے کا انکشاف، نوجوان کی قرآن پاک اٹھاکر ناانصافی کیخلاف ویڈیو وائرل، انصاف کی اپیل، ایس ایس پی نے نوٹس لیتے ہوئے اے ایس پی سے جائزہ رپورٹ طلب کرلی۔ سندھ پولیس کے لاڑکانہ رینج میں اہلکاروں کی بھرتیوں کے سلسلے میں پولیس ٹریننگ اسکول میں جاری فزیکل ٹیسٹ میں مبینہ طور پر نظر انداز کرنے پر نوجوان نے پاک کتاب اٹھاکر اپنی ویڈیو وائرل کردی جس میں نوجوان نے الزام عائد کیا ہے کہ فزیکل ٹیسٹ پاس کرنے کے باوجود ڈی ایس پی کی جانب سے نظرانداز کرکے دھمکیاں دی گئیں جبکہ میں خود فزیکلی فٹ بھی ہوں لیکن خدشہ ہے کہ مجھے نظر انداز کرکے منظور نظر امیدواروں کو بھرتی کیا جائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پولیس میں بطور اہلکار بھرتی کرکے انصاف فراہم کیا جائے۔ دوسری جانب ایس ایس پی لاڑکانہ عمران قریشی نے نوٹس لیتے ہوئے اے ایس پی سٹی احمد فیصل چودھری کو معاملے کا جائزہ لینے کے بعد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ ایس ایس پی کے مطابق دراصل محکمہ پولیس میں بھرتی کے لیے پاکستان ٹیسٹنگ سروس کا ادارہ فزیکل ٹیسٹ لے رہا ہے، جہاں پر لاڑکانہ پولیس ڈیوٹی سر انجام دے رہی ہے، پھر بھی نوجوان امیدوار کے احتجاج والے معاملے کا جائزہ لیا جارہا ہے کسی بھی فرد سے ناانصافی ہونے نہیں دی جائے گی۔