غربت کی شرح معاشی ترقی کے حکومتی دعوئوں کو غلط ثابت کررہی ہے،بلاول

136

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان میں 21 فیصد سے زاید شرح غربت معاشی ترقی کے دعوئوں کو غلط ثابت کر رہی ہے‘ عمران خان کی فوٹو شاپ معاشی ترقی کو پاکستان کے عوام مسترد کرچکے ہیں‘ تباہ کن مہنگائی نے عوام کا جینا مشکل کر دیا ہے۔ بلاول ہائوس میڈیا سیل سے جاری بیان میں بلاول زرداری نے کہا کہ پہلے نام نہاد کرپشن کے اعداد و شمار میں مبالغہ آرائی اور اب جعلی معاشی ترقی کے گن گانا، بڑی بڑی باتیں کرنا عمران خان کی عادت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر معاشی شرح نمو میں اضافہ ہوا ہے تو پی ٹی آئی کیوں خیبرپختونخوا کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے بجٹ میں کٹوتی کر رہی ہے؟۔ بلاول زرداری نے کہا کہ عالمی اداروں کی جانب سے ملک میں شرح غربت40 فیصد تک ہونے کا اندازہ ایک تشویش ناک صورت حال کی جانب اشارہ کر رہا ہے‘ ایسے میں فراڈ معاشی ترقی کی باتیں عوام کے غم و غصے کو مزید بھڑکا رہی ہیں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور کرپشن سے نجات کے لیے ضروری ہے کہ عمران خان کے اسٹیٹس کو کو توڑا جائے‘معاشی مسائل سے ناواقف عمران خان نے اقتدار تو ہتھیا لیا مگر انہیں اب تک علم نہیں کہ ملک کیسے چلایا جاتا ہے۔