چھٹیوں میں بھی عدالت عظمیٰ ججز کام کرینگے‘جسٹس عمر عطا بندیال

191

اسلام آباد (آن لائن) عدالت عظمیٰ نے ن لیگی رکن صوبائی اسمبلی محمد کاشف کی نااہلی کے خلاف دائر اپیل سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے معاونت کے لیے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کردیے ہیں۔ کیس کی سماعت جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں2 رکنی بینچ نے کی۔جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ اٹارنی جنرل کو نوٹس کر رہے ہیں، چھٹیوں میں بھی عدالت عظمیٰ ججز کام کریں گے، کیس ممکن ہے چھٹیوں میں ہی دوبارہ مقرر ہو، کیس کو جلد دوبارہ سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔ عدالت عظمیٰ نے بعد ازاں کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی ہے۔ واضح رہے کہ عدالت عظمیٰ کیس پر ہائیکورٹ کا فیصلہ پہلے ہی معطل کرچکی ہے۔دوران سماعت وکیل درخواست گزار قمر سبزواری نے دلائل دیے کہ بہاولنگر کے رکن صوبائی اسمبلی کو اسلام آباد ہائیکورٹ نا اہل نہیں کرسکتی، اسلام آباد ہائیکورٹ نے دائرہ اختیار سے تجاوز کیا، درخواست گزار کی ڈگری کو یونیورسٹی درست کہہ چکی، وکیل نعیم بخاری نے دلائل دیے کہ الیکشن کمیشن پورے ملک میں انتخابات کراتا ہے، الیکشن کمیشن کے فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا جا سکتا ہے، خواجہ آ صف کو بھی اسلام آباد ہائیکورٹ نے نا اہل کیا تھا۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ یہاں درخواست الیکشن کمیشن کے کسی نوٹیفکیشن یا فیصلے کے خلاف نہیں تھی۔ جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیے کہ دائرہ اختیار کا پہلو نہایت اہم ہے، نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، خواجہ آصف رکن قومی اسمبلی تھے جبکہ درخواست گزار صوبائی اسمبلی سے تعلق رکھتے ہیں۔