اسلام آباد(اے پی پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان کیساتھ دو طرفہ تعلقات کو مضبوط اور مستحکم بنانے کے لیے پر عزم ہے،الزام تراشیوں پر مبنی منفی بیانات افغان امن عمل اور دو طرفہ تعلقات کو متاثر کر سکتے ہیں۔یہ بات انہوں نے اسپیکر افغان ویلوسی جرگہ میر رحمن رحمانی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کو وزارت خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔ بات چیت کے دوران دو طرفہ تعلقات ،افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان ہمارا ہمسایہ اور اہم برادر ملک ہے،دونوں ممالک یکساں تاریخی، مذہبی اور ثقافتی اقدار کی بنیاد پر ایک دوسرے سے جڑے ہیں ۔میر رحمن رحمانی نے افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان کے مصالحانہ کردار کو سراہتے ہوئے وزیر خارجہ اور پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا ۔