بلوچستان میں قیام امن کیلیے ہر ممکن اقدامات کرینگے، آرمی چیف

386

اولپنڈی(صبا ح نیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بلوچستان کی پائیدار معاشی ترقی اور قیام امن کے لیے ہرممکن اقدامات کریں گے ، دہشت گردوں کو امن کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف نے ان خیالات کا اظہار کور ہیڈ کوارٹرز کوئٹہ کے دورہ کے موقع پر افسروں اور جوانوں سے خطاب میں کیا،آرمی چیف کو بارڈر مینجمنٹ، آپریشنل تیاریوں، سیکیورٹی صورتحال، پاک افغان اور پاک ایران بارڈرز پر باڑ لگانے اور بلوچستان میں پاک فوج کے تعاون سے زیر تکمیل منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کو بلوچستان میں امن واستحکام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیت بڑھانے پر بھی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے افسروں اور جوانوں کے بلند حوصلے اور لگن کو سراہا۔اپنے خطاب میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج صوبہ بلوچستان میں دیرپا سماجی اور معاشی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے ہدایت کی صوبے میں امن وامان کے قیام کے لیے صوبائی حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے۔