لہجوں کی تبدیلی، ایران , سعودیہ تعلقات بہتری کی طرف

267

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے کہا کہ علاقائی حریف سعودی عرب کے ساتھ بات چیت سازگار ماحول میں جاری ہے۔

غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق سعید خطیب نے پریس بریفنگ میں کہا کہ ایران سعودی عرب کے ساتھ افہام و تفہیم کے ذریعے مسائل حل ہونے کی امید کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا ، “ہمیں امید ہے کہ ایران اور سعودی عرب کے مابین مذاکرات کامیابی پر منتج ہوں گے۔”

عہدیدار نے یہ بھی بتایا کہ دونوں ممالک نے آئندہ حج کے حوالے سے ایک معاہدہ بھی طے کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ ماہ کے آخر میں ایک ٹیلی ویژن انٹرویو میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی کہا تھا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ اچھے اور بہتر تعلقات کا خواہش مند ہے۔ ان ریمارکس کی ایران نے سعودی عرب کے “لہجے کی تبدیلی” سے تعبیر کرتے ہوئے پذیرائی کی تھی۔