نوابشاہ (سٹی رپورٹر) حکومت اور اداروں کی عدم توجہ کے باعث نوابشاہ شہر مسائلستان بن گیا، لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا محال کردیا ہے، محکمہ صحت بلدیات لینڈ ریونیو کھیل اور دیگر محکموں میں بڑے پیمانے پر کرپشن کی شکایت سامنے آئی ہیں۔ نوابشاہ شہری اتحاد کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس وقت شہر کی صورتحال انتہائی دگر گوں ہو چکی ہے، عوامی نمائندوں کا عوام کے درمیان نہ ہونا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ عوامی حقوق کو سلب کیا جارہا ہے، جسے نوابشاہ شہری اتحاد کسی صورت برداشت نہیں کرسکتی۔ نوابشاہ شہری اتحاد کی آرگنائزنگ کمیٹی میں شامل الحاج اسلم شیخ، میر خالق داد بروہی، کنوینر ذکا الدین مغل، جرنلسٹ ملک نیک محمد آصف قریشی احمد خان، راؤ رفیق، اختیار حسین تنیو، منظور احمد شیخ، نعمان غنی اور دیگر رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ہم عوامی مسائل کو صرف اس وقت ہی حل کروانے میں کامیاب ہوں گے جب شہریوں کو موبائلز کیا جائے گا اس کے لیے شہریوں کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کیا جائے، انہیں اس بات کا احساس دلوایا جائے کہ نوابشاہ شہری اتحاد عوامی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہوئے بلا رنگ ونسل اور تمام تر تعصبات سے بالاتر ہے، ہمارا منشور ہے کہ شہر کو مسائلستان سے نکال کر ایک آئیڈیل شہر بنایا جائے، جہاں بچوں کی تعلیم و تربیت سے لے کر انہیں تفریح کے ساتھ ساتھ جسمانی اور ذہنی تربیت کے لیے کھیلوں کے میدان فراہم کیے جائیں۔ اجلاس میں شہریوں کے ساتھ نجی میڈیکل سینٹر لیبارٹریز کی جانب سے ہونے والی لوٹ مار پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا، اس کے ساتھ ساتھ اشیاء خورونوش کے نرخ میں یکسانیت نہ ہونے پر بھرپور تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے نوابشاہ شہری اتحاد کی آرگنائزنگ کمیٹی نے کہا کہ عام آدمی اس مہنگائی میں بری طرح پس رہا ہے لیکن ادارے قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے میں بری طرح نظر آتے ہیں۔ محکمہ پرائس ایند کنٹرول اور فوڈ اتھارٹی کا کہیں نام و نشان نظر نہیں آتا، ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کروانے کے ساتھ انہیں اپنے حقوق کی پہچان اور ساتھ لیکر چلنے کی یقین دہائی کروائی جائے۔ نوابشاہ شہری اتحاد کے ورکرز اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں، آپس میں کسی بھی غلط فہمی کو آگے نہیں بڑھنے دیں، کیونکہ نوجوان نسل ہی ہمارا سرمایہ اور اثاثہ ہے۔ منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان کو زائل صرف اسی وقت کیا جاسکتا ہے جب ہماری سرگرمیوں میں مثبت تبدیلیاں پیدا ہوں گی۔ نوابشاہ شہری اتحاد کا آئندہ اجلاس جمعہ کو ترتیب دیا گیا، جس میں شہر کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کروانے کے لیے لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا۔