لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے حکومت کوتعفن زدہ مردہ لاش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جتنی دیر پڑی رہے گی تعفن پھیلے گا اس لیے اسے جتنی جلدی دفنا دی جائے بہتر ہوگا، حکمران جو قرض لے رہے ہیں وہ آئندہ حکومت اور عوام کے لیے پھندا ثابت ہوگا،وزیر اعظم صرف بھاشن دینا چندہ لیناجانتے ہیں،ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے ڈپٹی جنرل سیکرٹری عطا اللہ تارڑ کے ہمراہ مرکزی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم قوم کو بھاشن دے رہے ہیں کہ ہم پیچھے اس لیے رہ گئے کہ ہمارے ہاں طویل المدتی منصوبہ بندی کا فقدان تھا جبکہ پاکستان میں صرف مسلم لیگ (ن) نے اس طرز پر منصوبہ بندی کی ،آپ تو ہمارے چھوڑے ہوئے درمیانی مدت کے منصوبے بھی مکمل نہیں کر سکے ، آپ جیسے لیڈروں نے ملک کو تباہ کر دیا ،،3 سال ہو گئے یہ ہمارے 12ویں 5 سالہ منصوبے کو مکمل نہیں کر سکے، موجودہ حکمران جو قرض لے رہے ہیں وہ آنے والی حکومت اور 22 کروڑ عوام کے لیے پھندا ثابت ہوگا، حکومت قرضوں کی واپسی سے متعلق جھوٹ بول رہی ہے ، آج ملک میں خسارہ ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا، اس خسارے کو پورا کرنے کے لیے دونوں ہاتھوں سے قرضے لیے جا رہے ہیں، احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کا مسئلہ طویل المدت منصوبہ بندی نہیںبلکہ اس کا مسئلہ آئین کی بالادستی کا ہے اور انتخابات چوری کرنے کاہے ،اگر انتخابات چرا کر عمران خان جیسے نااہل اور نالائق کو لایا جائے گا تو معیشت تو خراب ہی ہو گی، آزاد کشمیر کے انتخابات کسی صورت ملتوی نہیں ہونے دیں گے، انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 2013ء میں بین الاقوامی اور ملکی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مل کر ہماری حکومت گرانے کی کوشش کی، پیپلز پارٹی اور اے این پی کے پی ڈی ایم سے نکلنے پر دکھ ہوا، ہم پیپلز پارٹی سے لڑائی نہیں چاہتے ہمارا اصل حدف عمران خان ہے، ہمیں اس وقت پارلیمنٹ پر حملہ کرنے پر عمران خان پر آرٹیکل 6 لگانا چاہیے تھا۔