حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے ادارے مستحکم نہیں ہوسکے، سراج الحق

316

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہےکہ سابقہ اور موجودہ حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے ملک میں ادارے مستحکم نہیں ہوسکے، پاکستان میں نہ تو نظام درست ہو سکا اور نہ ہی حکمران طبقہ نے اپنی روش بدلی۔

سراج الحق نے کہا کہ نظام ٹھیک ہوگیا تو افراد کی کمزوریاں دور ہو جاتی ہیں،امید ہے وزیراعظم کشمیر سے متعلق اپنے بیان پر یوٹرن نہیں لیں گے، کشمیریوں کی قربانیوں کا سودا کر کے اگر بھارت سے تعلقات قائم کیے گئے تو کروڑوں پاکستانی حکمرانوں کا محاسبہ کریں گے۔

امیر جما عت اسلامی کا  کہنا تھا کہ کے پی اسمبلی کے سامنے اساتذہ پر پولیس تشدد کی پر زور مذمت کرتے ہیں،قوم کے معماروں پر ظلم کی بجائے ان کے مطالبات فوری منظور کیے جائیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ آزاد اور ذمہ دار میڈیا پاکستان کے لیے ناگزیر ہے، صحافیوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں،حکومت ہیلتھ سیکٹر کی بہتری پر توجہ دے،تحصیل اور اضلاع کی سطح پر ماڈرن اسپتال تعمیر کیے جائیں۔

سراج الحق کا مزید کہنا تھاکہ پی ٹی آئی کی حکومت ہر طرح سے ناکام ہوچکی ہے،وزیراعظم کے یوٹرنز کی وجہ سے عوام اب ان پر مزید اعتبار کرنے کو تیار نہیں۔