لاڑکانہ ،ڈکیتی کے دوران خاتون مزاحمت پر قتل،ورثاکا احتجاج

156

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) قنبر شہر کے علی خان محلہ میں دن دہاڑے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر مسلح افراد نے ڈنڈوں سے حملہ کرکے 6 بچوں کی والدہ اقبال خاتون زوجہ خدابخش شیخ کو شدید زخمی کردیا جبکہ گھر میں سے لاکھوں روپے نقدی، سونے زیورات و دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے بعد ازاں ورثا کی جانب سے خاتون کو تشویش ناک حالت میں لاڑکانہ چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج زخمی خاتون دم توڑگئیں جبکہ ورثا کی جانب سے ایس ایس پی چوک پر مقتولہ کی نعش رکھ پر دھرنا دیا گیا جس کے باعث ٹریفک کی آمد و رفت معطل ہوکر رہ گئی۔اس موقع پر مقتولہ کے ورثا کا کہنا تھا کہ دن دہاڑے نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر اسلحے کے زور پر 10 لاکھ روپے نقدی، سونے زیورات و دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے مزاحمت پر مسلح افراد نے ڈنڈوں سے حملہ کرکے اقبال خاتون کو قتل کردیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ قتل میں ملوث ڈاکوؤں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کیا جائے، دوسری جانب حد کے تھانہ کی پولیس نے پہنچ کر مقتول کے ورثا کو مقدمہ درج کرنے اور ملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی کروائی جس پر دھرنا ختم کرکے مقتولہ کی نعش گھر لے گئے جہاں نعش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔