بجٹ کے نام پر آئی ایم ایف مطالبات مسلط نہیں ہونے دینگے ،شہباز شریف

161

اسلام آباد(آن لائن)مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ بجٹ کے نام پر آئی ایم ایف مطالبات مسلط نہیں ہونے دیں گے۔(ن)لیگ کی اکنامک ایڈوائزری کونسل کا اہم اجلاس پارٹی صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی زیر صدارت ہوا۔ورچوئل اجلاس میں سینیٹر اسحاق ڈار ، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، مفتاح اسماعیل، مشاہد حسین سید، محمد زبیر ،خرم دستگیر ،مریم اورنگزیب ، قیصر احمد شیخ، عائشہ غوث پاشا، مصدق ملک، عطااللہ تارڑ و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی معاشی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔سابق وزرا ئے خزانہ نے اجلاس کو ملک کے معاشی حقائق کے بارے میں بریفنگ دی۔اجلاس میں بجٹ کے موقع پر عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے سفارشات پر بھی غور ہوا۔دوران اجلاس شہبازشریف نے کہا کہ حکومت کے پیش کردہ معاشی اعدادوشمار ناقابل اعتبار اور قوم سے صریح دھوکا ہیں،معیشت کی بربادی کے بعد معاشی غلط بیانی قوم کے مستقبل سے کھیلنے کے مترادف ہے۔شہبازشریف نے(ن)لیگ کے3جون کو پری بجٹ سیمینار کے حوالے سے حکمت عملی پر مشاورت بھی کی اور کہا کہ اکنامک ایڈوائزری کونسل موجودہ حالات میں عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے تجاویز پیش کرے،عوام کو آگاہ کرنا ضروری ہے کہ کس طرح معاشی تباہی ملک پر مسلط کی جارہی ہے،ہم نے قوم کو سچائی بیان کرنی ہے تاکہ تاریخ میں گواہی رہے اور کل کوئی بہانہ نہ بناسکے، اولین کوشش ہے کہ عوام دشمن بجٹ کسی قیمت پر منظورنہ ہونے دیا جائے ،ہم نے آج تک قوم کو جو بھی بتایا ہے، وہ سچ ثابت ہوا ہے۔