بزم علم و ادب کے زیر اہتمام آن لائن مشاعرہ

611

گزشتہ دنوں بزم علم و ادب ’’ہم زبان‘‘ کے زیراہتمام ’’باپ‘‘ کے عنوان سے آن لائن عالمی مشاعرے کا اہتمام کیا گیا، جس میں دنیا کے 8 ممالک سے تعلق رکھنے والے 26 شعرا نے اپنے منظوم کلام کے ذریعے ’’باپ‘‘ کی ہستی کو خراج تحسین پیش کیا۔ مشاعرے کی مہمان خصوصی عالمی شہرت یافتہ شاعرہ ریحانہ روحی تھیں جنھوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ باپ جیسی عظیم ہستی کو ایک مکمل مشاعرے کی صورت خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اردو شاعری میں باپ کی اہمیت اور شخصیت کو نظرانداز کیا گیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دوسرے شعرا بھی ’’والد‘‘ کے موضوع پر ضرور لکھیں گے۔ مشاعرے کی صدارت تنویر پھول نے کی جب کہ ناظم ہم زبان کے صدر ڈاکٹر محمد سعید کریم بیبانی تھے۔ تلاوت کلام پاک کے بعد اسلام آباد سے سمیعہ جبین نے نعت پڑھی جبکہ فوزیہ عباس نے ’’والد مکرم‘‘ پر مختصر انشائیہ پیش کیا، جس کے بعد مشاعرے کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ مشاعرے میں پاکستان سے ریحانہ روحی، نجمہ شاہین کھوسہ، پروفیسر اختر چیمہ، الیاس بابر اعوان، زاہد علی اداس، زیب النسا زیبی، منظر انصاری اور رشیدہ دستگیر نازش، سعودی عرب سے نعیم جاوید، زمرد سیفی اور ہم زبان کے صدر ڈاکٹر محمد سعید کریم بیبانی، بھارت سے محشر فیض آبادی، ممتاز پیر بھائی، نور جمشید پوری، فوزیہ اختر ردا اور رئیس اعظم حیدری، امریکا سے محسن علوی، غوثیہ غیاث الدین، رشید شیخ اور تنویر پھول، کینیڈا سے رحمان خاور اور صالح اچھا، برطانیہ سے نغمانہ کنول، چین سے ڈاکٹر محمد اعجاز کشمیری اور جرمنی سے طاہرہ رباب نے حصہ لیا اور باپ کی عظمت پر گلہائے عقیدت نچھاور کیے۔