ڈیرہ غازی خان: لادی گینگ کے خلاف پانچویں روز بھی آپریشن جاری ہے

536

ڈیرہ غازی خان میں لادی گینگ کے خلاف پانچویں روز بھی آپریشن جاری ہے جبکہ پولیٹکل انتظامیہ کے مطابق لادی گینگ کے مورچے اور عارضی پناہ گاہیں جلا دی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق  ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے تمن کھوسہ میں جاری لادی گینگ کے خلاف پنجاب پولیس، بارڈر ملٹری پولیس اور رینجرز کا مشترکہ آپریشن جاری ہے جبکہ گزشتہ روز 15 افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔

پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق آج مزید 7 مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے جس کے بعد حراست میں لیے گئے افراد کی تعداد 23 ہوگئی ہے اور زیر حراست مشکوک افراد سے تفتیش کی جارہی ہے۔

پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ لادی گینگ کے سرغنہ اور ارکان کے خلاف تاحال کوئی کامیابی نہیں مل سکی ہے جبکہ لادی گینگ کے سرغنہ خدابخش چاکرانی نے نامعلوم مقام سے ویڈیو جاری کی تھی۔

خیال رہے  فورسز کی جانب سے گزشتہ روز لادی گینگ کے تمام ٹھکانے مسمار کر دئیے گئے تھے جبکہ  لادی گینگ کے ارکان مورچے چھوڑ کر نامعلوم مقام کی جانب فرار ہو گئے ہیں۔

یاد رہے  پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق 5 روز قبل ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے تمن کھوسہ میں لادی گینگ نے 3 افراد کو اغواء کر لیا تھا جس کے بعد خیر محمد نامی مغوی کو فائرنگ کر کے اور محمد رمضان کو تیز دھار آلے سے قتل کر دیا تھا۔

واضح رہے  اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے تاہم ڈاکوؤں نے آپریشن شروع ہونے کے بعد تیسرے مغوی کو آزاد کر دیا تھا جس کے بعد وہ اپنے گھر پہنچ گیا تھا۔

پولیٹکل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ملزمان کی جانب سے اس سفاکانہ و بہیمانہ کارروائی کے بعد ان کے خلاف آپریشن شروع کیا گیا ہے  جبکہ جاری آپریشن میں بارڈر ملٹری پولیس، پنجاب پولیس اور رینجرز حصہ لے رہی ہے۔