اسلام آباد: طلبہ کا احتجاج‘ بغیر امتحان اگلی کلاسوں میں بھیجنے کا مطالبہ

132

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) راولپنڈی اور اسلام آباد کے کالجز کے طلبہ کی بڑی تعداد نے ہفتے کے روز زیرو پوائنٹ اور فیض آباد چوک پر احتجاجی مظاہرہ کرکے سڑک بلاک کردی، جس کے باعث کئی گھنٹوں تک ٹریفک بند رہی۔ طلبہ نے مظاہرے میں مطالبہ کیا کہ ان کے
امتحانات نہ لیے جائیں اور انہیں امتحان کے بغیر ہی پاس کرکے اگلی کلاسوں میں بھیج دیا جائے۔ اس دوران زیرو پوائنٹ اور فیض آباد چوک پر 4 گھنٹے ٹریفک بند رہی اور طلبہ سڑک پر احتجاج کرتے رہے۔ یہ صورت حال شام تک جاری رہی۔ مقامی ذرائع کے مطابق طلبہ کے احتجاج کے دوران کئی ناخوش گوار واقعات پیش آئے۔ طلبہ نے ٹریفک بند کرکے راہ گیروں اور مسافروں کے ساتھ سخت رویہ اختیار کیا اور مبینہ طور پر کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا۔ بعد ازاں اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر طلبہ پر شیلنگ کی، جس کے بعد جلائو گھیرائو کا سلسلہ شروع ہوگیا، جس کے نتیجے میں قریبی سبزہ زاروں میں جھاڑیوں کو آگ لگ گئی اور متعدد موٹرسائیکلیں جھلس گئیں۔ پولیس نے کئی طلبہ کو گرفتار کرکے موٹر سائیکلیں تحویل میں لے لیں۔ طلبہ نے مظاہروں کو وسیع کرنے کا اعلان کیا ہے۔