پشاور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے جماعت اسلامی کا ملین مارچ آج ہوگا

119

پشاور (نمائندہ جسارت) فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے جماعت اسلامی پاکستان کے زیر اہتمام ملین مارچ آج اتوار کے روز جی ٹی روڈ پر چمکنی کے مقام پر منعقد ہو گا جس میں صوبے سے ہزاروں افراد شرکت کریں گے۔ ملین مارچ سے جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سابق سینیٹر سراج الحق، فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے سیاسی سربراہ خالد مشعل اور جماعت اسلامی کے صوبائی امیر سینیٹر مشتاق احمد خان خطاب کریں گے۔ اس سلسلے میں ہزاروں افراد کے لیے ماسک اور سینی ٹائزر کا انتظام کیاگیا ہے جبکہ اضلاع کے عہدیداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موٹروے اور جی ٹی روڈ کے ذریعے جونہی چمکنی کی حدود میں داخل ہو جائیں تو اپنی اپنی جگہ پر فاصلے رکھ کر بیٹھیں۔ جماعت اسلامی نے بی آر ٹی کی انتظامیہ سے کہا ہے کہ وہ اپنی سروس جاری رکھے جبکہ عام لوگوں کو بھی گاڑیوں اور مسافرسروس بحال رکھنے کی درخواست کی گئی ہے۔ جماعت اسلامی کے صوبائی امیر سینیٹر مشتاق احمد خان نے انتظامات کے حوالے سے میڈیا کو بتایا کہ جماعت اسلامی کے کارکنوں نے گزشتہ 2 دنوں سے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور پورے صوبے سے لوگ شرکت کریں گے۔ پارٹی کے تمام کارکنوں کو شرکت کی دعوت ہے کیونکہ فلسطین کا مسئلہ تمام مسلمانوں کا مشترکہ مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ایس او پیز کا خاص خیال رکھا جائے گا اور وہ خود انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے جید علما، مذہبی اور سیاسی رہنما خطاب کریں گے تاہم فلسطین کی نمائندگی خالد مشعل کریں گے۔ دریں اثنا سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف کے مطابق مارچ کے لیے جی ٹی روڈ سردار گڑھی پر 5 فٹ لمبا اور 20 فٹ چوڑا سٹیج تیا رکرلیاگیاہے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق لبیک القدس ملین مارچ کے شرکا سے ساڑھے 6 بجے کلیدی خطاب کریں گے۔