نوابشاہ (سٹی رپورٹر) کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا ٹرک ٹرمینل تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا، بجلی کے ٹرانسفارمر اور دیگر قیمتی اشیاء چوری ہوگئیں، انتظامیہ نے آنکھیں موند لیں، ٹرک ٹرمینل کی تعمیر کے لیے بڑے پیمانے پر اراضی حاصل کی گئی جبکہ تمام تر سہولیات بھی باہم فراہم کردی گئی تھیں لیکن بے نظیر آباد کی ضلعی انتظامیہ نے مسلسل اس حوالے سے کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھائی، یہی وجہ ہے کہ شہر بھر میں بھاری بھر کم ترک مختلف بازاروں میں آکر کھڑے ہو جاتے ہیں جس کی وجہ سے جہاں شہریوں کو تکالیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے، وہیں بے ہنگم ٹریفک ان ٹرکوں کی وجہ سے نظر آتی ہے۔ شہریوں کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ ٹرک مافیا کے سامنے سر جھکائے نظر آتی ہے، طویل عرصے سے قائم ہونے والا ٹرک ٹرمینل خستہ حالی کا شکار ہے، حکومت اگر عوام کے لیے کوئی پروجیکٹ بناتی ہے تو متعلقہ انتظامیہ اس پروجیکٹ کی تباہی کا خود سامان پیدا کردیتی ہے، جب وہ اس سے صرفِ نظر کرتی ہے عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ٹرک ٹرمینل کو فی الفور فعال کرے۔