ملک میں صحت اور تعلیم کے شعبے تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں،سراج الحق

244
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق اے این پی کے صدر ایمل خان سے بیگم نسیم ولی کی وفات پر تعزیت کے بعد دعائے مغفرت کررہے ہیں

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان میں گزشتہ 70 سال سے جمہوریت اور جمہوری ادارے مضبوط نہیں ہوسکے -الیکشن کمیشن ایک کمزور ادارہ ہے ۔ عدالتوں اور تھانوں میں لوگ دھکے کھاتے ہیں ۔ کسی بھی جمہوری حکومت نے بلدیاتی الیکشن کا بروقت انعقاد نہیں کروایا ۔ایجو کیشن اور صحت کے شعبے تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں القدس ملین مارچ کی تیاریوں کا جائزہ لینے اور مختلف وفود سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ دریں اثنا بیگم نسیم ولی کی وفات پر اظہار تعزیت کے لیے اے این پی کے صدر ایمل ولی خان اور دیگر لواحقین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور مرحومہ کی مغفرت کے لیے دعا کی ۔ جماعت اسلامی کے سابق سینئر وزیرعنایت اللہ خان بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ ملک میں سرمایہ دارانہ اور جاگیردارانہ ذہنیت رکھنے والے لوگ اقتدار کے ایوانوں میںموجود ہیں ۔ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ۔غربت اور بے روزگاری میں اضافہ ہورہاہے اور نوجوان مایوس ہورہے ہیں ۔ پی ٹی آئی کے دور میں بیڈگورننس کے تمام سابق ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کو گرداب سے نکالنے کے لیے صالح اور قابل افراد کا آگے آنا بے حد ضروری ہے ۔ دہائیوں سے ملک کے اداروں کو زنگ لگ چکا ہے جس کو صاف کرنے کے لیے سخت محنت کی ضرورت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ یونیورسٹیوں اور کالجز کے طلبہ کو ملک میں جمہوریت کے استحکام اور اسلامی نظام کے قیام کے لیے بھر پور آواز بلند کرنی چاہیے ۔ جماعت اسلامی نے نہ صرف پاکستان کے عوام کے مسائل بلکہ امت مسلمہ کی مشکلات کے ازالے کے لیے ہر دور میں توانا آواز بلند کی ہے ۔فلسطینی اور کشمیری عوام جانتے ہیں کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ اسرائیل اور بھارت کی جارحیت کے خلاف پاکستانی عوام کو منظم کیا ۔ انہوںنے اطمینان کا اظہار کیا کہ غزہ پر حالیہ جارحیت کے موقع پر پاکستانی عوام نے جماعت اسلامی کی آواز پر گلی گلی کوچہ کوچہ ظلم کے خلاف آواز بلند کی ۔امیر جماعت نے کہاکہ عوام جماعت اسلامی کو خدمت کا ضرور موقع فراہم کریں گے ۔ پاکستان اور جماعت اسلامی لاز م و ملزوم ہیں ۔