قیام امن کیلیے کشمیر،فلسطین تنازعات حل کرنا ہونگے ،شاہ محمود

221

بغداد ‘ اسلام آباد(اے پی پی+نمائندہ جسارت)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ قیام امن کے لیے کشمیر، فلسطین تنازعات حل کرنا ہوںگے،پاکستان عراق کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہو سکتے ہیں۔گزشتہ روز بغداد میں عراقی وزارت خارجہ میں عراقی ہم منصب فواد حسین کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان عراق کے ساتھ بامعنی تعاون کے فروغ کا خواہاں اور باہمی مفاد میں دوطرفہ شراکت داری استوار کرنا چاہتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اعلیٰ سطحی روابط کے فروغ کی ضرورت ہے،پاکستان عراق کی جغرافیائی سالمیت اور خودمختاری کی حمایت کرتا ہے ، دہشت گردی کے خلاف عراق کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہیں، ہمارا عراق کیساتھ عالمی سطح پر دو طرفہ تعاون جاری ہے،ہم عراق کی فوڈ سیکورٹی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں ۔ قبل ازیں عراقی دارالحکومت بغداد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے عراقی ہم منصب فواد حسین کے مابین ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات،کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے دورہ عراق کی دعوت اور پرخلوص میزبانی پر عراقی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان عراق کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ،دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی بنیاد یکساں تاریخی، مذہبی اور تہذیبی اقدار ہیں ۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے اپنی جغرافیائی سیاسی ترجیحات کو جغرافیائی اقتصادی ترجیحات میں بدل دیا ہے،پاکستان اور عراق کے مابین، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ٹیکنالوجی، انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ علاوہ ازیںوزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بغداد میں عراقی وزیر اعظم مصطفی الکاظمی سے ملاقات کی۔دفتر خارجہ کے مطابق دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ کہا کہ پاکستان اور عراق کے دو طرفہ تعلقات، یکساں مذہبی، ثقافتی اور تاریخی اقدار کی بنیاد پر استوار ہیں،وزیر اعظم عمران خان کی دعوت پر آپ کے جلد دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور عراق کے مابین تعلیم، زراعت، انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ، آئی ٹی اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔ عراقی وزیر اعظم نے پاکستان کے ساتھ صحت کے شعبے میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا جب کہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بغداد میں عراق کے صدر برہام صالح کیساتھ صدارتی محل میں ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور عراق کے مابین دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری، انفرااسٹرکچر کی تعمیر، تعلیم، زراعت، استعداد کار میں اضافے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔بات چیت کے دوران دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔وزیر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان اور پاکستانی عوام کی جانب سے عراق کی قیادت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیااور کہا کہ پاکستان اور عراق کے مابین تاریخی، تہذیبی اور مذہبی ہم آہنگی کی بنیاد پر استوار گہرے برادرانہ تعلقات ہیں،دونوں ممالک کے عوام کے درمیان پائی جانے والی قلبی وابستگی ان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بناتی ہے۔