نیب کے خوف سے سرمایہ کاری رک گئی،کاروباری افراد کو تحفظ دینے کیلئے قانون لائیں گے،اسد عمر

262

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسدعمر نے کہا ہے کہ نیب کے خوف سے سرمایہ کاری رکی ہوئی ہے ،نیب سے سرکاری افسران اور کاروباری افراد کو تحفظ دینے کے لیے قانون لائیں گے۔ان کے بقول حکومت کے پاس عدی برتری ہے کہ قانون سازی کرا لے۔جمعہ کو پاک چائنا فرینڈ شپ سینٹر میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے وزیر منصوبہ بندی نے کہاکہ آئندہ سال پبلک پرائیویٹ شراکت داری کے تحت کھربوں روپے کے منصوبے شروع کریں گے،ان منصوبوں میں سکھر حیدرآباد موٹروے اور کراچی سرکلر ریلوے منصوبے شامل ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آئندہ مالی سال زرعی شعبے کی ترقی کا ہدف 3.4 فیصد اورصنعتی شعبے کی ترقی کا ہدف 6.8 فیصد ہے۔اسد عمر نے خوش خبری سنائی کہ کراچی میں گرین لائن بس سروس اس سال ستمبر میں چل پڑے گی۔انہوںنے کہا کہ بجٹ میں صحت کے لیے 28ارب، تعلیم کے لیے 42ارب، ایچ ای سی کے لیے 37 ارب اورا سکل ڈیولپمنٹ کے لیے 5 ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے۔وفاقی وزیرکے بقول جی ڈی پی گروتھ پر ایک طوفان برپا ہوا ہے ، واویلا کیا جا رہا ہے کہ آئی ایم ایف اور دیگر عالمی اداروں نے کم گروتھ کا اندازہ لگایا ،2 سال پہلے فروری 2019ء میں بتا دیا تھا کہ 2 سال بعد معاشی گروتھ ہو گئی،سالانہ منصوبہ بندی کمیٹی نے آئندہ مالی سال کے لیے 4.8 فیصد گروتھ ریٹ کی منظوری دے دی، آئندہ مالی سال کے لیے 900 ارب ترقیاتی بجٹ رکھا جائے گا۔