دادو (نمائندہ جسارت) ووٹ دے کر کامیاب کرنے کی سزا، پیپلز پارٹی جوہی کے ایم پی اے نے دیہاتیوں کی زمینوں پر مبینہ قبضہ کرلیا۔ دادو کی تحصیل جوہی کے علاقے کاچھو کے شہر ٹنڈو رحیم خان کے رہائشیوں کا حلقہ انتخاب پیپلزپارٹی کے ایم پی اے سید صالح شاہ جیلانی کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے۔ اس موقع پر محمد علی، سجن، پیر بخش اور دیگر نے صحافیوں سے گفتگو میں کہاکہ حلقے کا ایم پی اے سید صالح شاہ ہماری زمینوں پر زبردستی قبضہ کرکے ریتی اٹھانا چاہتا ہے، روکنے پر ہمارے اوپر تھانہ گاجی شاہ پر جھوٹے مقدمات درج کروانے اور گھروں پر پولیس کی کارروائیاں کروا کر دھمکیاں دے رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہم ووٹر بھی سید صالح شاہ کے ہیں، اپنے ہی ووٹر کو اس طرح سخت پریشان کیا ہے، کہ ہماری زندگیاں مفلوج ہو کر رہ گئی ہیں، ہمارے ساتھ انصاف نہ ہوا تو خود کو وزیر اعلیٰ سندھ ہائوس کے سامنے خود سوزی کریں گے۔ چیف جسٹس، آرمی چیف ، وزیراعلیٰ سندھ اور دیگر اعلیٰ ارباب سے اپیل کرتے ہیں کہ ایم پی اے کے مظالم کا نوٹس لے کر ہمیں انصاف اور تحفظ فراہم کیا جائے۔ دوسری طرف بوزدار قبیلے کے سردار قادر خان بوزدار نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پیپلز پارٹی جوہی کے بااثر ایم پی اے سید صالح شاہ جیلانی ہمارے لوگوں کی زمینوں پر زبردستی قبضہ کرنا چاہتے ہیں، ہم اپنی برادری کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے، ایک ایم پی اے جس کو ہمارے لوگوں نے ووٹ دے کر کامیابی دلائی، انہیں دیہاتیوں کی زمینوں پر قبضہ کرنا کہاں کا انصاف ہے۔ سید صالح شاہ کو اپنا قبلہ درست کرنا چاہیے۔