ڈاکوؤں کیخلاف آپریشن میں سندھ سے تعاون کریں گے،شیخ رشید

126
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد ملاقات کررہے ہیں

کراچی ( نمائندہ جسارت)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سندھ کے معاملات میں مداخلت نہیں کرنا چاہتے اور نہ ہی صوبے میں کوئی گورنر راج آرہا ہے تاہم سندھ میں ڈاکوراج ختم کرکے رہیں گے، ڈاکوئوں کے خلاف آپریشن میں پولیس کے ساتھ سندھ رینجرز بھی کام کرنے کو تیار ہے۔سندھ حکومت کی صوابدید ہے کہ وہ رینجرز کو جہاں چاہے استعمال کرے۔امن صوبہ سندھ اور وفاق کا مشترکہ
مسئلہ ہے، سندھ کے مسائل کے حوالے سے وزیراعظم کو رپورٹ دوں گا۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمعرات کومقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم نے سندھ میں امن و امان پر رپورٹ تیار کرنے بھیجا تھا۔وزیر اعلی سندھ ، ڈی جی رینجرز اور دیگر اداروں کے سربراہان سے ملاقات کی۔وزیر اعلی سے اتفاق ہوا کہ صوبہ اور وفاق مل کر ڈاکوئوں سے نمٹیں گے۔سندھ حکومت چاہے تو پورے صوبے میں رینجرز مہیا کرنے کے لیے تیار ہیں۔جہاں سندھ حکومت چاہے وہاں رینجرز کی خدمات حاصل کرے۔پولیس کو ڈرون بھی دینے کو تیار ہیں۔وزیر اعلیٰ سے طے پایا کہ اغوا برائے تاوان اور قتل میں ملوث ڈاکوئوںکے خلاف دہشت گردی کی دفعات لگائی جائیںگی۔انہوںنے کہا کہ انسانی جانوں کے مسئلے پر صوبے یا مرکز میں کوئی فرق نہیں ہے۔امن صوبے اور مرکز کا مشترکہ مسئلہ ہے۔وزیراعلیٰ سندھ سے ہر مہینے میں ایک ملاقات ہوگی۔شیخ رشید نے کہا کہ صوبے میں گورنر راج کی باتیں غلط ہیں۔عمران خان مرکز کی طرف سے صوبے میں کوئی مداخلت نہیں چاہتے ہیں۔آپریشن کی اطلاعات غلط ہیں۔آپریشن مکمل ہونے کے بعد کچے کے علاقے کا دورہ کروں گا۔ڈاکو راج کے خاتمے کے لیے تمام ادارے ایک لائن پر ہیں۔انہوںنے کہا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم کا معاملہ ہے۔کراچی میں آپریشن کی ضرورت نہیں ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے تحت سندھ حکومت کے اختیارات کیخلاف نہیں جائیں گے۔نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن سینٹر (نادرا)سے متعلق بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا نادرا کراچی میں کرپٹ افسران پر جھاڑو پھیرا جائے گا۔ایسے لوگوں کے بھی جعلی کارڈ بنے جو بعد میں دہشت گردی میں ملوث پائے گئے۔انہوں نے کہا کہ جعلی اور غلط شناختی کارڈ بنانے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں کہا کہ جس چیز کی ضرورت ہو وزارت داخلہ مہیا کرے گی، امن و امان سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے وہ چاہے تو ہم مدد کرنے کے لیے تیار ہیں۔اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ان کی حکومت درکار حساس سازو سامان کا انتظام کر رہی ہے، جلد کچے کے علاقے سے ڈاکوؤں کا صفایا کر دیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے شیخ رشید احمد سے کہا کہ آپ وزیر داخلہ ہیں، آپ جب بھی چاہیں آجائیں، ہم مل کر کام کریں گے، آپ کو سندھ میں خوش آمدید کہتے ہیں۔وزیر اعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ کچھ حساس سازوسامان چاہیے، جس کا بندوبست سندھ حکومت کررہی ہے اس سلسلے میں وزارت داخلہ بھی مدد کرے۔دوسری جانب وزیر داخلہ نے رینجرز ہیڈ کوارٹر کراچی میں سندھ رینجرز کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل افتخار حسن چودھری سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران سندھ میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جس میں وزیر داخلہ نے کراچی میں امن و امان کے لیے رینجرز کے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔دریں اثناء گورنرسندھ عمران اسماعیل سے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں سندھ میں جاری سیاسی و امن و امان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔