لاہور(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے پی ٹی آئی کی3 سال کی کارکردگی کو انتہائی مایوس کن ، عوام اور ملک دشمن قرا ردیتے ہوئے قومی اسمبلی میں موجود 2 بڑی اپوزیشن جماعتوں کے طرز عمل پر بھی شدید تنقید کی ہے ۔ منصورہ میں
سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تینوں بڑی سیاسی جماعتوں کے درمیان تمام میچز فکس ہیں اور اس بات کا مظاہرہ ہر اہم موقع پر دیکھنے میں آیا ۔ پی ٹی آئی ، نون لیگ اور پی پی نے اقتدارکے مزے لیے اور عوام کے لیے کچھ نہیں کیا ۔ جماعت اسلامی مؤثر اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے ۔ ہم عوام کے لیے ملک کے طول و عرض میں آواز بلند کر رہے ہیں تاہم انہوںنے واضح کیا کہ کسی کو بھی اقتدار میں لانے اور نکالنے کا حتمی فیصلہ عوام کو ہی کرناہے ۔ جماعت اسلامی کی جدوجہد کا مقصد چور دروازوں یا کسی سے ڈیل کر کے اقتدار میں آنا ہر گز نہیں ۔ ہم ملک میں ادارہ جاتی اصلاحات اور ایک مؤثر اور جاندارا لیکشن کمیشن جو صاف اور شفاف الیکشن کا انعقاد کراسکے ۔ہماری خواہش ہے کہ ملک میں کھیلوں سمیت تمام شعبوں میں بہتر ی آئے ، نوجوان ٹیلنٹ ضائع ہو رہاہے۔ انہوں نے کہاکہ انہیں یقین ہے کہ ملک میں جب بھی شفاف الیکشن ہوئے ، عوام جماعت اسلامی کو خدمت کا موقع ضروردیں گے ۔ جب ان سے سوال کیا گیا کہ جماعت اسلامی اور دوسری جماعتوں کے ایجنڈے میں کیا فرق ہے اور عوام انہیں کیوں موقع دیں گے ؟ تو سراج الحق نے کہاکہ مختلف نام نہاد جمہوری حکومتوں اور مارشل لاز نے 70 برس میں ہر ادارے کو تباہ کیا۔ پاکستان میں اب تک حقیقی معنوں میں جمہوری نظام قائم نہیں ہوسکا ۔ جماعت اسلامی ملک میں قرآن و سنت کے نظام کے ایجنڈے کے ساتھ میدان عمل میں ہے ۔ ہم ملک کو فلاحی ریاست بناناچاہتے ہیں ۔ ہم معیشت کو سود اور آئی ایم ایف کے جنگل سے آزادی دلائیں گے ۔ جماعت اسلامی کا نظم اور اس کے مختلف ادارے اس امر کی گواہی دیتے ہیں کہ ہمارے لوگوں میں ملک کو درست سمت میں ڈالنے اور اسے دنیا میں باوقار مقام دلانے کی مکمل صلاحیت موجود ہے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوںنے کہاکہ حکومت خود 5 سال پورے نہیں کرنا چاہتی اور جانے کے لیے موقع کی تلاش میں ہے ۔ پریس کانفرنس میں امیر جماعت نے خصوصی طور پر ملک میں کھیلوں کے شعبوں میں زوال کی نشاندہی کی اور اعلان کیا کہ اس شعبے میں بہتری لانے کا بیڑاجماعت اسلامی کے یوتھ ونگ نے اٹھایا ہے جس کے لیے یوتھ ونگ کرکٹ بورڈ کا قیام عمل میں لایا گیاہے ۔ جے آئی یوتھ ونگ کرکٹ بورڈ ملک کے تمام بڑے چھوٹے اضلاع میں گرائونڈز کی بہتری اور نئے گرائونڈز قائم کرے گا ۔ لوکل ٹیلنٹ تلاش کیا جائے گا اور نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا بھر پور موقع فراہم کیا جائے گا ۔ انہوںنے اعلان کیا کہ ملک میں جے آئی یوتھ کرکٹ لیگ کا انعقاد ہونے جارہاہے جو پاکستان بھر میں ٹیلنٹ کو ابھارنے اور ملک کے مایوس کن حالات میں ایک تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوگا ۔ جے آئی یوتھ ونگ کے چیئرمین ملک نصر ہوں گے ۔ امیر جماعت نے اس بات کو حوصلہ افزا قرار دیا کہ امت مسلمہ میں نوجوانوں کا جذبہ قابل دید ہے ۔ فلسطین ہو یا کشمیر ، نوجوان سپر طاقتوں کے خلاف بھر پور جدوجہد کر رہے ہیں ۔ انہوں نے پاکستانی نوجوانوں سے بھی اپیل کی کہ وہ ملک کو اسلامی فلاحی مملکت بنانے کے لیے جماعت اسلامی کے دست و بازو بنیں ۔ امیر جماعت نے اعلان کیا کہ 30 مئی کو پشاور میں تاریخی القدس مارچ ہو گا ۔ انہوںنے نوجوانوں سمیت تمام طبقہ ہائے فکر سے القد س مارچ میں بھر پور شرکت کی اپیل کی ۔پریس کانفرنس میںجے آئی یوتھ پاکستان کے نائب صدر قاسم ریاض ساہی ، صدر وسطی پنجاب جے آئی یوتھ جبران بٹ ، صدر جے آئی یوتھ لاہور عبداللہ ، چیئرمین جے آئی یوتھ کرکٹ بورڈ ملک نصر بھی موجود تھے ۔