فلسطین اسرائیل کشید گی سے بھڑکنے والی آگ ٹھنڈی نہیں ہوئی،شاہ محمود قریشی

147

اسلام آباد( نمائندہ جسارت) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مقبوضہ فلسطین میں حالیہ کشیدگی سے بھڑکنے والی آگ ابھی ٹھنڈی نہیں ہوئی۔اسلام آباد میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر وولکان بوزکرکے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ اس آگ کو بجھانے کے لیے صدر جنرل اسمبلی اپنا کردار ادا کریں ، واحد حل مذاکرات اور اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق
2 ریاستی حل ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران سیز فائر کی خبر آئی، ہم نے ابھی پہلا مقصد حاصل کیا ہے تاہم بطور قوم اور امہ ہم امن کی بحالی کی طرف دیکھ رہے ہیں۔انہوںنے وولکان بوزکر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ سے اور سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ سے امن عمل جاری رکھنے کی توقع کرتے ہیں۔وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ مصر کے ہم منصب سے بھی رابطہ کرنے کا ارادہ ہے،وولکان بوزکر کی اسلام آباد میں موجودگی کا فائدہ اتھاتے ہوئے انہیں مقبوضہ جموں و کشمیر کی سنگین صورتحال اور انہیں مقبوضہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر میں مماثلت سے آگاہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ‘فلسطین اور کشمیر دونوں کے حوالے سے اقوام متحدہ کو اپنی ذمے داری ادا کرنی چاہیے۔شاہ محمود نے بتایا کہصدر جنرل اسمبلی کو افغانستان میں بدلتے ہوئے حالات اور افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار اور سہولت کاری کے متعلق بھی آگاہ کیا۔وزیرخارجہ نے مزیدکہا کہ طاقت کا مرکز تبدیل ہو رہا ہے، آج عالمی برادری پاکستان کو مسئلے کے حصے کے طور پر نہیں بلکہ مسئلے کے حل کے طور پر دیکھ رہی ہے، یہ گزشتہ چند سالوں میں آنے والی ڈرامائی تبدیلی ہے۔